ہیری اور میگھن برطانوی شاہی خاندان کے فعال ارکان نہیں: شاہ چارلس
برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی شاہی حیثیت سے متعلق ابہام ختم کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ دونوں کو برطانوی شاہی خاندان کے فعال ارکان میں شمار نہیں کیا جائے گا، چاہے وہ دوبارہ برطانیہ منتقل ہی کیوں نہ ہو گئے ہوں۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 2020 میں شاہی خاندان کے ساتھ اختلافات کے بعد برطانیہ چھوڑ دیا تھا اور شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اس فیصلے کے بعد دونوں امریکا منتقل ہوگئے تھے اور اپنی نجی زندگی گزارنے لگے تھے۔
تاہم گزشتہ ماہ 41 سالہ شہزادہ ہیری، 45 سالہ میگھن مارکل اور ان کے بچے آرچی اور لیلی بیٹ دوبارہ برطانیہ منتقل ہوگئے، جس کے بعد ان کی شاہی حیثیت کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے تھے۔
ان سوالات کے جواب میں شاہ چارلس سوم کی ہدایت پر ایک باضابطہ خط جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ہیری اور میگھن کی حیثیت اب عام نجی شہریوں جیسی ہے۔
خط میں واضح کیا گیا کہ انہیں سرکاری طور پر "ہز رائل ہائنس" (His Royal Highness) یا "ہر رائل ہائنس" (Her Royal Highness) کے القابات سے مخاطب نہیں کیا جائے گا۔
یہ خط لارڈ چیمبرلین کی جانب سے جاری کیا گیا، جو برطانوی شاہی محل کے اعلیٰ ترین حکام میں شامل ہوتے ہیں۔
خط میں وضاحت کی گئی کہ ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی کے بعد ان کی موجودہ حیثیت کے حوالے سے مختلف رہنمائی طلب کی جا رہی تھی، اس لیے کسی بھی غلط فہمی کو ختم کرنے کے لیے یہ وضاحت جاری کرنا ضروری سمجھا گیا۔
خط کے مطابق جنوری 2020 میں ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے بادشاہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سرکاری فرائض انجام دینے سے دستبرداری اختیار کی تھی، جس کے بعد وہ شاہی خاندان کے فعال ارکان نہیں رہے۔
تاہم شاہی محل نے یہ بھی واضح کیا کہ ہیری اور میگھن کی نجی زندگی، مالی خودمختاری اور ذاتی معاملات کے احترام کو برقرار رکھا جائے گا۔
ان کی موجودہ حیثیت ان شاہی ارکان سے مختلف ہے جو سرکاری تقریبات، ریاستی ذمہ داریوں اور بادشاہ کی نمائندگی کے فرائض انجام دیتے ہیں۔
اس وقت برطانوی شاہی خاندان کے فعال ارکان میں شاہ چارلس سوم، ملکہ کیمیلا، ولی عہد شہزادہ ولیم، شہزادی کیتھرین، شہزادی این، شہزادہ ایڈورڈ اور ان کی اہلیہ صوفی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے خاندان کے کچھ کزنز بھی شاہی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب بھی باضابطہ طور پر ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
دونوں اس وقت وسطی انگلینڈ کے علاقے کوٹس وولڈز میں رہائش پذیر ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق ان کے بچوں آرچی اور لیلی بیٹ کا آئندہ تعلیمی سال کے لیے مقامی نجی اسکولوں میں داخلہ بھی کرایا جا چکا ہے۔