جاپان میں شدید بارش، ایتھلیٹس محفوظ مقامات پر منتقل، کھیلوں کے وینیوز میں پانی داخل
جاپان کے شہر ناگویا میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث ایشین گیمز میں شرکت کے لیے موجود سینکڑوں ایتھلیٹس کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا، جبکہ بعض کھیلوں کے وینیوز میں بھی پانی داخل ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناگویا میں منگل کے روز صرف ایک گھنٹے کے دوران 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
شدید بارش کے بعد شہری انتظامیہ نے ناگویا کے بعض علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
بارش کے باعث ایشین گیمز کے بعض مقابلوں کے لیے مختص وینیوز بھی متاثر ہوئے اور مختلف مقامات پر پانی داخل ہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے۔
حکام کے مطابق سینکڑوں ایتھلیٹس کو ان کی رہائش گاہوں سے عارضی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، تاہم بارش کی شدت میں کمی اور صورتحال بہتر ہونے کے بعد تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دوبارہ ان کی رہائش گاہوں میں منتقل کردیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باوجود کسی ایتھلیٹ، آفیشل یا اسٹاف ممبر کے زخمی ہونے یا کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایشین گیمز انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خراب موسم کے باوجود مقابلے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے اور گیمز کے انعقاد کے حوالے سے فی الحال کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے، جبکہ گیمز کی باضابطہ افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی۔
تاہم باسکٹ بال سمیت بعض کھیلوں کے مقابلے افتتاحی تقریب سے قبل ہی شروع ہوجائیں گے۔
حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور شدید بارش کے باعث متاثر ہونے والے وینیوز اور رہائشی مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔