Sports

این سی سی آئی اے نے امام الحق اور رضوان سمیت 3 کرکٹرز کو طلب کرلیا

این سی سی آئی اے نے امام الحق اور رضوان سمیت 3 کرکٹرز کو طلب کرلیا
۱ منٹ پہلے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لارڈز ٹیسٹ کے بعد پاکستان واپس بھیجے جانے والے قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان سمیت 3 کھلاڑیوں کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔

 

 دونوں کھلاڑیوں کو باقاعدہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور وہ لاہور میں این سی سی آئی اے کے سامنے پیش ہوں گے، جبکہ تحقیقات کا محور انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم سے مبینہ معلومات لیک ہونے کا معاملہ بتایا جا رہا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل قومی کرکٹرز کے موبائل فون اپنے پاس رکھ لیے تھے اور بعد ازاں انہیں متعلقہ اداروں کو بھجوا دیا گیا، تاہم پی سی بی نے تاحال باضابطہ طور پر یہ وضاحت نہیں کی کہ کھلاڑیوں کے موبائل فون کس بنیاد اور کس وجہ سے تحویل میں لیے گئے۔

 

این سی سی آئی اے نے امام الحق اور محمد رضوان کے علاوہ ایک اور قومی کرکٹر کو بھی نوٹس جاری کیا ہے، تاہم تیسرے کھلاڑی کا نام ابھی سامنے نہیں آیا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کرکٹرز کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا اور دیگر معلومات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اسی مواد کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

 

امام الحق اور محمد رضوان کو نوٹس پیر کے روز جاری کیے گئے تھے، جن میں دونوں کھلاڑیوں کو جمعہ کے دن این سی سی آئی اے لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔

 

تحقیقات کے دوران دونوں کرکٹرز سے ان کے موبائل فون ان لاک بھی کرائے جائیں گے تاکہ متعلقہ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرکے اس کا جائزہ لیا جا سکے۔

 

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی تفتیش کا اہم پہلو انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم سے مبینہ طور پر معلومات باہر جانے کا معاملہ ہوگا۔

 

تحقیقاتی حکام کھلاڑیوں سے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ ڈریسنگ روم سے متعلق معلومات کس طرح باہر پہنچیں اور آیا ان کے موبائل فونز میں موجود ڈیٹا سے اس معاملے سے متعلق کوئی شواہد یا سراغ سامنے آتے ہیں۔

 

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ کرکٹرز کے موبائل فون کیوں لیے گئے، انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کس بنیاد پر کیا گیا اور اس پوری تحقیقات کا دائرہ کار کس حد تک وسیع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں