Breaking News

سعودی عرب کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے: مولانا فضل الرحمٰن

سعودی عرب کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے: مولانا فضل الرحمٰن
۱ منٹ پہلے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کا تحفظ اور سلامتی پوری امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے اور مملکت پر کسی بھی قسم کا حملہ دراصل امتِ مسلمہ کی سلامتی پر حملہ ہے۔

 

اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر صورت تحفظ ہونا چاہیے۔

 

انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم دنیا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

 

سربراہ جے یو آئی (ف) نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے باہمی اختلافات ختم کرکے مشترکہ اور متحدہ حکمتِ عملی اختیار کریں تاکہ خطے کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

 

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو سیاسی، معاشی اور دفاعی سطح پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کا باہمی اتحاد ہی ان کی خودمختاری، سلامتی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے۔

 

مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان پر بھی زور دیا کہ وہ مسلم دنیا کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور سعودی عرب کے تحفظ کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کرے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں