سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے: پاکستان
پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق ہنگامی اجلاس میں سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کو اپنے علاقے، شہریوں، وہاں مقیم افراد اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا جائز حق حاصل ہے۔
خارجہ سیکریٹری عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کیے گئے پاکستان کے مؤقف کی تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور مملکت کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
پاکستانی مؤقف میں سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام پر بھی زور دیا گیا اور کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام فریقوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی پاسداری کرنا ہوگی۔
سلامتی کونسل کا یہ ہنگامی اجلاس یمن کی تازہ صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس کے دوران پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کے حقِ دفاع، اس کی قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے اپنے واضح اور اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔