Sports

صائم ایوب کو اس ٹیسٹ میچ میں نہیں ہونا چاہیے تھا: ناصر حسین

صائم ایوب کو اس ٹیسٹ میچ میں نہیں ہونا چاہیے تھا: ناصر حسین
۱ منٹ پہلے

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو ویسٹ انڈیز میں کیریبین پریمیئر لیگ کھیلنے کے فوراً بعد انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔

 

ناصر حسین کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کو اس ٹیسٹ میچ میں نہیں ہونا چاہیے تھا، کیونکہ وہ مختلف کنڈیشنز اور مختلف فارمیٹ سے براہِ راست ٹیسٹ کرکٹ میں آئے، جبکہ انہوں نے کافی عرصے سے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہیں کھیلی تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ توقع کرنا مشکل ہے کہ کوئی کھلاڑی ایک مختلف ماحول سے آکر فوری طور پر انگلش کنڈیشنز میں ڈیوک بال اور انگلینڈ کے مضبوط بولنگ اٹیک کا کامیابی سے سامنا کرسکے گا۔

 

ناصر حسین نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ تمام فارمیٹس میں سب سے مشکل ہے اور خصوصاً انگلینڈ میں ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

 

سابق انگلش کپتان نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو دنیا کے ایک حصے سے بلا کر یہ کہنا کہ اب آپ انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلیں اور اچھی کارکردگی دکھائیں، حقیقت پسندانہ سوچ نہیں۔

 

انہوں نے اس فیصلے کو ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت اور تقاضوں کو مناسب وزن نہ دینے کے مترادف قرار دیا۔

 

ناصر حسین نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وریندر سہواگ کو بھی ایک موقع پر اسی انداز میں انگلینڈ بلایا گیا تھا اور وہ بھی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ سہواگ صائم ایوب کے مقابلے میں کہیں زیادہ تجربہ کار کھلاڑی تھے، اس کے باوجود انہیں بھی انگلش کنڈیشنز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

صائم ایوب ایجبسٹن ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت اور تیاری کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں