Sports
پیراگلائیڈر آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ حادثے میں جاں بحق
پیراگلائیڈر اور معروف غوطہ خور آصف محمود چترال میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہوگئے، اہلِ خانہ نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق آصف محمود گزشتہ روز بونی کے علاقے میں پیراگلائیڈنگ کر رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث حادثہ دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں پیش آیا، جس کے بعد آصف محمود کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دشوار گزار علاقے اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے تلاش کا عمل متاثر ہوا، تاہم آصف محمود کی لاش مل گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آصف محمود کا تعلق خان پور کے علاقے سورج گلی سے تھا۔
حادثے کے بعد ان کی لاش کو متعلقہ کارروائی کے لیے منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔