فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پررضوان اور امام الحق پریزیڈنٹ ٹرافی کیلئے نااہل
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق فٹنس ٹیسٹ کی مطلوبہ رپورٹس جمع نہ ہونے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں شرکت کے اہل نہیں رہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے قواعد کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے اپنی متعلقہ ڈپارٹمنٹل ٹیم کو فٹنس ٹیسٹ دینا لازمی ہے، جبکہ ٹیموں کو ان ٹیسٹس کی رپورٹس بھی پی سی بی کے پاس جمع کرانا ہوتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی اپنی ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، جس کے باعث ان کے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے پاس دونوں کرکٹرز کی فٹنس رپورٹس موجود نہیں۔
فٹنس ٹیسٹ اور اس کی رپورٹ نہ ہونے کے باعث دونوں کھلاڑی فی الحال پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں شرکت کے اہل نہیں ہیں۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے نائب کپتان ہیں، جبکہ کپتان شان مسعود کی پہلے راؤنڈ میں عدم دستیابی کے باعث محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کرنا تھی۔
سوئی ناردرن گیس کا پریزیڈنٹ ٹرافی میں پہلا میچ کل اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے۔
دوسری جانب امام الحق او جی ڈی سی کی ٹیم کے کپتان ہیں اور ان کی ٹیم بھی کل سے پی ٹی وی کے خلاف اپنا میچ کھیلے گی۔
دونوں اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی سے ان کی متعلقہ ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو قیادت اور بیٹنگ لائن اپ کے حوالے سے تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق کو دورہ انگلینڈ سے بھی وطن واپس بلا لیا گیا تھا اور ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں سے متعلق معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔