پاسپورٹ ہنگامی طور پر نہیں بنوایا، ایک سال پہلے بنا تھا: رضااللہ
پاکستانی فاسٹ بولر رضااللہ نے انگلینڈ میں ہنگامی طور پر ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے طلب کیے جانے کے بعد پاسپورٹ بنوانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا پاسپورٹ تقریباً ایک سال قبل ہی بن چکا تھا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضااللہ نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ انگلینڈ جانے کے لیے ان کا پاسپورٹ ہنگامی بنیادوں پر تیار کروایا گیا۔
انہوں نے کہا، ’’سب سے پہلے تو یہ بات غلط ہے کہ یہ پاسپورٹ ہنگامی طور پر بنا ہے، میرا پاسپورٹ ایک سال پہلے ہی بنا ہوا تھا۔
رضااللہ کے مطابق انگلینڈ روانگی سے تقریباً ایک ہفتہ قبل انہوں نے اپنا پاسپورٹ جمع کرایا تھا، جبکہ اس دوران ان کی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت اور فرسٹ کلاس کارکردگی پر بھی بات چیت ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر پُراعتماد تھے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں کیونکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ پہلے ہی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور سینچری اور نصف سینچری بھی بنا چکے ہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ موقع ملنے پر وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی خود کو ثابت کرسکیں گے اور بالآخر اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کا مثبت نتیجہ دیا۔
رضااللہ نے واضح کیا کہ ان کے ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے انگلینڈ طلب کیے جانے کو ہنگامی پاسپورٹ بنوانے سے جوڑنا درست نہیں کیونکہ سفری دستاویز پہلے سے موجود تھی۔