World

شمالی کوریا کے متعدد بیلسٹک میزائل تجربات

شمالی کوریا کے متعدد بیلسٹک میزائل تجربات
۱ دن پہلے

شمالی کوریا نے مشرقی ساحل سے سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جو تقریباً 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے، جبکہ تجربات کے بعد جنوبی کوریا نے ہنگامی قومی سلامتی اجلاس طلب کرلیا۔

 

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی علاقے وونسان سے ہفتے کی صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر متعدد میزائل داغے گئے۔

 

جنوبی کوریائی فوج کا کہنا ہے کہ میزائلوں نے تقریباً 250 کلومیٹر، یعنی 155 میل، کا فاصلہ طے کیا اور پھر سمندر میں جا گرے۔

 

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق جنوبی کوریا میزائل تجربات سے متعلق معلومات امریکا اور جاپان کے ساتھ قریبی طور پر شیئر کر رہا ہے، جبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔

 

میزائل تجربات کے فوراً بعد جنوبی کوریا کے صدارتی نیشنل سیکیورٹی آفس نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں وزارت دفاع، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

امریکی پیسیفک کمانڈ نے شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تجربات سے امریکا یا اس کے اتحادیوں کی سرزمین کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔

 

امریکی کمانڈ نے یہ بھی واضح کیا کہ واشنگٹن جنوبی کوریا اور خطے میں اپنے دیگر اتحادیوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

 

شمالی کوریا کے یہ میزائل تجربات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنوبی کوریا نے امریکا اور جاپان کے ساتھ شمالی کوریا سے متعلق 5 روزہ مشترکہ بحری مشقیں مکمل کی ہیں۔

 

خطے میں حالیہ میزائل تجربات اور فوجی مشقوں کے باعث جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں