سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نیا سفر شروع
کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے دیرینہ چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی۔
نئی کمپنی کا نام ہوپ اینڈ ہارڈ ورک رکھا گیا ہے، جس کا اعلان جمعے کو کمپنی کی نئی ویب سائٹ کے ذریعے کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور براہِ راست تفریحی تجربات کے ذریعے ایسی کہانیاں پیش کرے گی جن کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور روابط کو فروغ دینا ہے۔
کمپنی کا نام اس جملے سے متاثر ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں کینیڈا کی لبرل پارٹی کا سربراہ بننے کے بعد اپنی تقاریر میں بارہا استعمال کیا۔
وزیراعظم کے طور پر 2015 سے 2025 تک کے دور میں بھی وہ یہ جملہ استعمال کرتے رہے۔
کمپنی کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جاری ہے، جو 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔
وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد جسٹن ٹروڈو زیادہ تر عوامی منظرنامے سے دور رہے، تاہم کبھی کبھار عوامی تقریبات میں شریک ہوتے رہے ہیں۔
ان کے امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ مبینہ تعلقات نے بھی حالیہ عرصے میں توجہ حاصل کی ہے۔