Entertainment

98 فیصد مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں، سنیتا مارشل

98 فیصد مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں، سنیتا مارشل
۱ منٹ پہلے

اداکارہ اور ماڈل سنیتا مارشل نے پاکستانی معاشرے میں بعض شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے نامناسب رویے پر کھل کر بات کی ہے۔

 

ایک حالیہ مارننگ شو میں گفتگو کے دوران سنیتا مارشل نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رویہ خاص طور پر دیسی معاشرے میں زیادہ دکھائی دیتا ہے، جبکہ مغربی معاشروں میں اس نوعیت کی صورتحال کم نظر آتی ہے۔

 

سنیتا مارشل نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بیوی نے لوگوں کے سامنے اپنے شوہر کو کوئی مشورہ دیا ہو تو بعض مرد اسی وقت اسے سب کے سامنے یہ کہہ دیتے ہیں کہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھو یا تم بیوقوفوں والی باتیں کرتی ہو۔

 

اداکارہ کے مطابق شوہر چاہے تو اسی بات کو بعد میں اپنی اہلیہ سے مناسب انداز میں بھی کہہ سکتا ہے کہ اس کا دیا ہوا مشورہ درست نہیں تھا، لیکن سب کے سامنے بیوی کو شرمندہ کرنا مناسب رویہ نہیں۔

 

انہوں نے اس مسئلے کی بنیادی وجہ مردوں کی ذہن سازی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کئی مردوں کو یہ تصور دیا جاتا ہے کہ بیویاں ان سے کم تر ہیں۔

 

سنیتا مارشل نے کہا کہ عموماً بیویاں اپنے شوہروں سے احترام کے ساتھ ’’آپ‘‘ کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ شوہر اپنی بیوی سے ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب ہوتا ہے، کیونکہ اس کے ذہن میں یہ خیال موجود ہوتا ہے کہ بیوی اس سے چھوٹی ہے۔

 

ان کے بقول یہی سوچ بعض شوہروں کو یہ سمجھنے پر آمادہ کرتی ہے کہ اگر بیوی ان سے کمتر ہے تو وہ اس کا مذاق بھی اڑا سکتے ہیں۔

 

سنیتا مارشل کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اداکارہ کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے معاشرے میں میاں بیوی کے درمیان باہمی احترام اور مناسب رویے کی اہمیت پر اپنی آرا کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں