Entertainment

زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان

زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان
۱۸ گھنٹے پہلے

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں زندگی کے اس مرحلے پر دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، تاہم کئی برس بعد اس نئے سفر کا آغاز ان کے لیے ایک بڑی جذباتی تبدیلی ثابت ہوا ہے۔

 

ماہرہ خان نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر اپنے حاملہ ہونے کی خوشخبری شیئر کی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور دیگر صارفین کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

 

بعد ازاں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران ایک خاتون صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی حمل کی خبر، موجودہ کیفیت اور دوبارہ ماں بننے کے تجربے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

 

ماہرہ خان نے بتایا کہ انہیں اپنی زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس وقت زندگی پہلے ہی ایک مخصوص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ان کا بیٹا بڑا ہوچکا تھا اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔

 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے اس مرحلے کے لیے ایک خاص انداز کا تصور بنا رکھا تھا، لیکن کئی برس بعد دوبارہ ماں بننے کے سفر کا آغاز ان کے لیے ایک حقیقی جذباتی تبدیلی بن گیا۔

 

ماہرہ خان نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، لیکن پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اللہ کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے انہیں یہ سمجھنے میں مدد دی کہ زندگی کی ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننا ضروری نہیں۔ بعض اوقات انسان کو زندگی کی جانب سے ملنے والی حیرت کو قبول کرنا اور اللہ کی مرضی کے سامنے خود کو سپرد کرنا پڑتا ہے۔

 

اپنے پہلے اور موجودہ حمل کے تجربے کا موازنہ کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ جب وہ پہلی بار ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 سال کی ہیں اور جذباتی و جسمانی طور پر پہلے سے ایک مختلف عورت ہیں۔

 

اداکارہ کے مطابق 24 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ ماں بننے کا تجربہ انہوں نے ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا۔ اس وقت ان کی صحت اچھی تھی اور وہ ان تمام ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں جو اس سفر میں پیش آسکتی ہیں۔

 

ماہرہ خان نے بتایا کہ اس مرتبہ صورتحال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے۔ بعض دن ایسے بھی آتے ہیں جب ان کا جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام انجام دینے کی عادی رہی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جذباتی اعتبار سے بھی موجودہ تجربہ پہلے سے مختلف ہے، کیونکہ عمر کے اس مرحلے پر انسان کے اندر زیادہ شعور آچکا ہوتا ہے، وہ زندگی کے بارے میں زیادہ جانتا ہے، زیادہ فکر مند ہوتا ہے اور زندگی کی نزاکت و اہمیت کو بھی زیادہ گہرائی سے سمجھتا ہے۔

 

ماہرہ خان کے مطابق دوبارہ ماں بننے کا یہ سفر ان کی توقعات سے مختلف ضرور ہے، لیکن اس نے انہیں زندگی کے معاملات کو ہر وقت اپنی مرضی کے مطابق قابو میں رکھنے کے بجائے اللہ کی حکمت اور منصوبہ بندی پر بھروسہ کرنے کا ایک نیا سبق دیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں