Breaking News

پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے، طلال چودھری

پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے، طلال چودھری
۱ منٹ پہلے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی جارہی ہے، جبکہ دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف ویڈیوز بھی پیش کیں اور آزاد کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی نام نہاد ایکشن کمیٹی سے متعلق بھی تفصیلات بیان کیں۔

 

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک تنظیم کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا، جبکہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ٹیرر کرائم نیٹ ورک پاکستان میں دہشتگردی کے لیے سہولت کاری فراہم کرتا ہے، جس کی تحقیقات ایک شخص ضیا سے شروع ہوئیں۔

 

ان کے مطابق ضیا آزاد کشمیر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 8 سے 10 سال سے اسلحے کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ ضیا گزشتہ دو سال سے کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض افراد کو اسلحہ فراہم کررہا تھا۔

 

انہوں نے بتایا کہ ضیا کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جبکہ اس کے موبائل فون سے اہم معلومات حاصل کی گئیں۔

 

وزیر مملکت کے مطابق ضیا کے رابطے ماجد نامی شخص سے تھے، جو سردار امان کے قریبی ساتھیوں میں شامل ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران دونوں افراد کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ بھی چلائی۔

 

طلال چودھری نے مزید دعویٰ کیا کہ ضیا کے افغانستان میں موجود زرشاد نامی شخص سے روابط تھے، جو مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔ ان کے مطابق زرشاد افغانستان کے مختلف شہروں سے سرگرم ہے۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکبر نامی ایک سرکاری ملازم بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں