Sports

محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد

محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد
۱ گھنٹے پہلے

لاہور ہائی کورٹ نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

 

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران کرکٹر کی جانب سے وکیل قاضی عمیر علی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو این سی سی آئی اے کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

 

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار نوٹس کا جواب جمع کرائیں، جبکہ عدالت نے استفسار کیا کہ متعلقہ نوٹس کس تاریخ کو جاری کیا گیا تھا۔

 

محمد رضوان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد درخواست گزار کو ہوٹل کی لابی میں بلایا گیا، جہاں بغیر نوٹس کے ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

 

وکیل کے مطابق محمد رضوان نے اس یقین دہانی پر موبائل فون فراہم کیا تھا کہ اسے تین گھنٹے بعد واپس کردیا جائے گا، تاہم تاحال موبائل فون واپس نہیں کیا گیا، جو ان کے مطابق بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔

 

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کرپشن سے متعلق تحقیقات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اینٹی کرپشن یونٹ موجود ہے، جبکہ محمد رضوان کے معاملے کو آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو نہیں بھیجا گیا۔

 

واضح رہے کہ قومی کرکٹر محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی طلبی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس میں انہوں نے ادارے کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں