پسند کی شادی کرنیوالا نوجوان برادرِ نسبتی کے ہاتھوں قتل، مشتعل افراد کے تشدد سے ایک ملزم ہلاک
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مومن آباد سیکٹر میں پسند کی شادی کے تنازع پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق ایک نوجوان کو قتل کردیا گیا، جبکہ واردات کے بعد فرار ہونے والے حملہ آوروں میں شامل ایک شخص مشتعل شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول نوجوان کی شناخت عباس علی کے نام سے ہوئی ہے، جس نے کچھ عرصہ قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہلخانہ اس شادی سے ناخوش تھے اور اسی معاملے پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز لڑکی کا بھائی عبدالرحیم اپنے سگے ماموں بخت علی اور ایک دیگر مسلح ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر عباس علی کے گھر پہنچا، جہاں مبینہ طور پر اس پر فائرنگ کردی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عباس علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واردات کے بعد تینوں ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہونے لگے، تاہم پولیس کے مطابق عین موقع پر موٹرسائیکل خراب ہوگئی، جس کے باعث وہ فوری طور پر فرار نہ ہوسکے۔
فائرنگ کی آواز سن کر قریبی علاقے کے شہری بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کو گھیر لیا۔ مشتعل افراد نے مرکزی ملزم عبدالرحیم کے ماموں بخت علی کو پکڑ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق شہریوں کے تشدد سے بخت علی شدید زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مومن آباد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مرکزی ملزم عبدالرحیم اور اس کے دوسرے مسلح ساتھی کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرحیم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اپنی بہن کی پسند کی شادی کے معاملے پر عباس علی کو قتل کرنے آیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ واردات میں اس کا ماموں بخت علی اور ایک دوست بھی اس کے ساتھ شامل تھے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول، نائن ایم ایم اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں (ایمیونیشن) برآمد کرلی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمے میں قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔