مانسہرہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو سگی بہنیں جاں بحق، 2 گھر تباہ
خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں دو سگی بہنیں جاں بحق ہوگئیں، جبکہ دو مکانات مکمل طور پر تباہ اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ بالاکوٹ کی یونین کونسل مہانڈری کے پہاڑی علاقے وادی منور، کوٹکے سیریاں (منور سیریاں) میں پیش آیا، جہاں شدید بارش اور خراب موسم کے دوران آسمانی بجلی ایک گھر پر آگری۔
آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں مقامی رہائشی عبدالشکور خان کی دو بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ جاں بحق ہونے والی بہنوں کی شناخت 17 سالہ سلمیٰ بی بی اور 10 سالہ سدرہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے پیدا ہونے والے شدید جھٹکے کے باعث دو مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے، جبکہ ملبے تلے دبنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں منظور ولد فرزمان، ان کی اہلیہ مہناز اور حلیمہ/حسینہ بی بی شامل ہیں، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری امدادی سامان اور خیمے بھی روانہ کیے جا رہے ہیں۔