ادویات سے بھرے کنٹینرز بھی پولیس تحویل میں، سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ
اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج روکنے کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے دوران ادویات سے بھرے کئی کنٹینرز بھی وفاقی پولیس نے تحویل میں لے لیے ہیں، جس کے باعث جڑواں شہروں میں ادویات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کنٹینر مالکان کے مطابق یہ کنٹینرز کراچی سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے ادویات لے کر آئے تھے، جنہیں پولیس نے روک کر قبضے میں لے لیا۔ ان کنٹینرز میں جان لیوا بیماریوں سمیت مختلف امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی اہم ادویات، انسولین اور دیگر ضروری طبی سامان موجود ہے۔
مالکان کا کہنا ہے کہ گرمی کے باعث کنٹینرز میں موجود ادویات خراب ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ متعدد ادویات کو محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص درجہ حرارت برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
کنٹینر مالکان کے مطابق وفاقی پولیس نے کنٹینرز کی چابیاں اور ضروری کاغذات بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس، بلٹی رسید اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی حاصل کرلیے۔
مالکان نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ کنٹینرز کو کتنے عرصے تک روکا جائے گا، جبکہ ان میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ادویات خراب ہوئیں تو اس نقصان کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی۔
ادویات سے بھرے کنٹینرز روکے جانے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز پر ضروری ادویات کی قلت پیدا ہونے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔