Breaking News

جہاز کے معاملے پر کسی ولاگر یا یوٹیوبر کو جواب دہ نہیں، عوام کو جوابدہ ہوں، مریم نواز

جہاز کے معاملے پر کسی ولاگر یا یوٹیوبر کو جواب دہ نہیں، عوام کو جوابدہ ہوں، مریم نواز
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

 

ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 60 گرین بسوں سے سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ جلد 160 بسیں سڑکوں پر چلائی جائیں گی۔

 

انہوں نے بتایا کہ گرین بس سروس کا عام کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے خصوصی وین تیار کی گئی ہیں، جبکہ ایئر کنڈیشن بسوں میں فری وائی فائی اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کے تحفظ کے لیے بسوں میں نگرانی کا نظام بھی موجود ہوگا۔

 

مریم نواز نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پنجاب کے ہر ضلع میں گرین بس سروس شروع کی جائے گی، جبکہ عوامی سہولت کے لیے 3 ہزار الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس بھی دی جائیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایسے علاقوں میں بھی گرین بسیں چلائی جا رہی ہیں جہاں لوگوں نے پہلے سرکاری ٹرانسپورٹ کا نام تک نہیں سنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی آخری حد تک جدید سفری سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔

 

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے، جبکہ ان پر ہونے والی تنقید دراصل پنجاب کی ترقی پر تنقید ہے۔

 

سرکاری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہاز ان کا ذاتی نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرکاری طیارہ ہے اور وہ اسے اپنے گھر نہیں لے جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی وہ متاثرین تک کشتیوں کے ذریعے پہنچی تھیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے برطانیہ کے نجی دورے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے۔

 

مریم نواز نے کہا کہ وہ جاپان اور لندن بھی سرکاری طیارے پر گئی ہیں اور آئندہ بھی جائیں گی، تاہم وہ کسی ولاگر یا یوٹیوبر کو جوابدہ نہیں بلکہ عوام کو جوابدہ ہیں۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وہ صبح کام کے لیے نکلتی ہیں، شام کو واپس آتی ہیں اور رات تک کام کرتی رہتی ہیں۔ ان کے مطابق کئی مرتبہ کام کے دوران ہاتھ سے آئی پیڈ اور موبائل گر جاتا ہے اور وہ سو جاتی ہیں۔

 

انہوں نے خیبر پختونخوا سے آنے والے احتجاجی مظاہرین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے تھے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے۔ ان کے مطابق لاہور آنے والوں کا دورہ ناکام رہا۔

 

مریم نواز نے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے میو اسپتال میں جدید کینسر مشین چین سے لائی گئی تھی، جبکہ ملتان میں بھی دوسری مشین کا افتتاح کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مشین سے دو خواتین کا علاج کیا گیا اور 45 منٹ میں ان کا علاج مکمل ہوا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں