Pakistan

ایشمل قتل: مدین میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، ملزم کی بیوی سے پوچھ گچھ

ایشمل قتل: مدین میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، ملزم کی بیوی سے پوچھ گچھ
۱ منٹ پہلے

سوات کے علاقے مدین میں ایشمل بی بی کے بہیمانہ قتل کے خلاف عوامی غصہ اور احتجاج  چھٹے روز بھی جاری رہا ، جبکہ احتجاج کا دائرہ مزید علاقوں تک پھیل رہا ہے۔

 

مدین بازار کے تاجروں اور الائنس نے مقتولہ سے اظہار یکجہتی کے لیے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی، جس کے باعث تمام کاروباری مراکز اور دوکانیں بند رہیں۔ ملزم کی بیو ی کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے

 

شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود مدین اور کوز کلے کی مقامی خواتین، ماؤں اور بچیوں کا مرکزی شاہراہ کالام روڈ پر دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ملزم کو عبرتناک سزا نہیں دی جاتی، وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گی۔

 

دوسری جانب مدین کے علاوہ تحصیل بحرین اور کالام میں بھی مقامی نوجوانوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں بچوں کے تحفظ کے لیے سخت قوانین کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا۔

 

کیس میں قانونی پیش رفت کے حوالے سے ڈی پی او سوات مشتاق احمد اور تفتیشی حکام کی جانب سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

 

پولیس حکام کے مطابق عوامی مطالبات اور مقدمے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی خصوصی انویسٹی گیشن کمیٹی (SIT) تشکیل دے دی گئی ہے، جو کیس کی سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر نگرانی کرے گی تاکہ تحقیقات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

 

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بچی پر تشدد اور زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ مقتولہ اور زیرِ حراست ملزم سلطان محمد کے ڈی این اے نمونے اور دیگر فارنزک شواہد حتمی تجزیے کے لیے لاہور لیبارٹری روانہ کر دیے گئے ہیں۔

 

تفتیشی حکام نے ملزم سلطان محمد کی اہلیہ سے بھی ویمن پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ جرم کے بعد شواہد(جیسے خون کے نشانات یا آلہ قتل) چھپانے یا مٹانے میں ملزم کی اہلیہ نے ممکنہ طور پر معاونت کی ہو سکتی ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

 

ملزم سلطان محمد کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل ہونے کے بعد سوات جیل اور مدین کے حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں