خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز، 17 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ آپریشنز کے دوران پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک ٹھکانے کو کامیاب کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع ہنگو میں بھی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں 4 خوارج مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے ملک کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں کی گئیں، جن میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔