Breaking News

میر رضاکیس: جوڈیشل کمیشن کا پولیس افسران کو طلب نہ کرنے،تحریری جواب لینے کا فیصلہ

میر رضاکیس: جوڈیشل کمیشن کا پولیس افسران کو طلب نہ کرنے،تحریری جواب لینے کا فیصلہ
۱ منٹ پہلے

میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے سینئر پولیس افسران کو طلب کرنے کے بجائے ان سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق کارروائی کے دوران سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری کا بیان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کا مؤقف بھی سنا گیا۔

 

حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ احمد بھاردے نے میر رضا کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور گفتگو کے لیے وقت طلب کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد اگر احمد مزید کچھ کہنا چاہیں تو وہ حلف نامے کے ذریعے اپنا مؤقف جمع کراسکتے ہیں۔

 

کمیشن نے واضح کیا کہ حلف نامے کے ذریعے جمع کرایا گیا بیان عوام کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

 

جوڈیشل کمیشن کے حکم نامے کے مطابق تھانہ فیروز آباد اور گلستانِ جوہر کے روزنامچے سیل شدہ حالت میں کمیشن کو موصول ہوئے، تاہم بدقسمتی سے روزنامچوں سے متعلق گواہوں کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ کیے جاچکے تھے۔

 

کمیشن نے کہا کہ روزنامچے اسی حالت میں سندھ حکومت کے فوکل پرسن کو واپس کردیے گئے ہیں۔

 

حکم نامے میں مزید بتایا گیا کہ کمیشن نے ایک نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈویژن سربراہ کی جانب سے تحقیقات میں تعاون کو سراہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں