Sports

عبد الرحمان نے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا

عبد الرحمان نے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا
۱ منٹ پہلے

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے میجک اسکل ایوارڈز کا اعلان کردیا، جس میں پاکستان کے عبد الرحمان نے مینز کیٹیگری کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

 

ایف آئی ایچ کے مطابق عبد الرحمان نے ویلز کے خلاف میچ میں شاندار تھری ڈی اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے میگا ایونٹ کے دوران ویلز کے خلاف مقابلے میں 4 دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج کرتے ہوئے خوبصورت گول اسکور کیا تھا، جسے ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دیا گیا۔

 

میجک اسکل ایوارڈ کے لیے تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں پاکستان کے عبد الرحمان، جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل اور فرانس کے کرٹی ایلٹ شامل تھے۔

 

ووٹنگ کے دوران عبد الرحمان نے سخت مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کینٹن میلویل کو 39 فیصد ووٹس ملے، جبکہ عبد الرحمان کے شاندار گول کو 44 فیصد مداحوں کی حمایت حاصل ہوئی۔

 

ویمنز کیٹیگری میں بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کریبام نے میجک اسکل ایوارڈ جیتا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری لمحات میں شاندار ریفلیکس سیو کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کی، جس پر انہیں 52 فیصد ووٹس ملے۔

 

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی ٹیم 11ویں پوزیشن پر رہی، تاہم عبد الرحمان کے شاندار گول نے انہیں ٹورنامنٹ کے بہترین گول کا اعزاز دلا دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں