وفاقی پنشنرز کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام نافذ، نوٹیفکیشن جاری
اعلامیے کے مطابق کمرشل بینکوں کا پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق میں کردار ختم کر دیا گیا، وزارت خزانہ نے پنشن کی ڈیجیٹل تصدیق اور ادائیگی کے نئےایس اوپی جاری کردیئے۔
اب پنشنرز کی زندگی کی تصدیق نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نادرا پنشنرز کا ڈیجیٹل لائف سگنل براہِ راست سی جی اے اورملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کو بھیجےگا، پنشنرز کی تصدیق کے لیے بینکوں پر انحصار ختم کر دیا گیا، کمرشل بینک صرف پنشن کی ادائیگی کے ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
بینک عام حالات میں پنشنرز کا بائیومیٹرک ڈیٹا وصول یا محفوظ نہیں کر سکیں گے، پنشن کی پرانی کاغذی ترسیل کا دستاویزی نظام ختم کر دیا گیا، پنشنرز اب ڈیجیٹل طریقے سے پروف آف لائف مکمل کریں گے۔
پنشنرز نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے زندگی کی تصدیق کرا سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق نادرا رجسٹریشن سینٹرز اور موبائل یونٹس سے بھی پنشن کی تصدیق ممکن ہوگی، بینک برانچز،موبائل ایپس بھی نادرا کےمجاز مراکز کے طور پر تصدیق کی سہولت دے سکیں گے۔