Business

اے ڈی بی کی نئی پیشگوئی، پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد اور مہنگائی 8.3 فیصد رہنے کا امکان

اے ڈی بی کی نئی پیشگوئی، پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد اور مہنگائی 8.3 فیصد رہنے کا امکان
۱ منٹ پہلے

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے رواں مالی سال 2027 میں معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کا اندازہ برقرار رکھا ہے، جو حکومت کے مقرر کردہ 4 فیصد بجٹ ہدف سے کم ہے۔

 

اے ڈی بی کے مطابق ملک میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.3 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو حکومت کے 7 فیصد ہدف اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مقرر کردہ درمیانی مدت کی 5 سے 7 فیصد حد سے زیادہ ہے۔

 

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی تازہ ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ میں کہا ہے کہ توانائی، ٹرانسپورٹ اور زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں قیمتوں پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق اے ڈی بی نے جولائی میں جاری کی گئی اپنی سابقہ رپورٹ میں بھی پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی تھی، جبکہ اپریل 2026 میں بینک نے شرح نمو 4.5 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔

 

اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تنازع مزید بڑھنے کی صورت میں پاکستان کے لیے توانائی کی درآمدی لاگت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی پر بھی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں خلیجی ممالک کی لیبر مارکیٹ متاثر ہونے کی صورت میں ترسیلات زر پر ممکنہ اثرات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

 

رپورٹ میں پاکستان کے معاشی منظرنامے کو درپیش کئی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں حکومتی کفایت شعاری اقدامات میں نرمی، عالمی مالی معاونت سے متعلق سخت شرائط، ٹیکس وصولیوں میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زرعی نقصانات اور توانائی کے شعبے سمیت سرکاری اداروں میں اصلاحات میں تاخیر شامل ہیں۔

 

اے ڈی بی کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.2 فیصد سے بڑھ کر 3.7 فیصد ہوگئی، جس میں خدمات، صنعت، زراعت اور نجی سرمایہ کاری نے اہم کردار ادا کیا۔

 

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے بڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کے باوجود زرعی شعبے نے 2.9 فیصد ترقی ریکارڈ کی، جبکہ نجی سرمایہ کاری میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا۔

 

پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا تسلسل نجی سرمایہ کاری میں اضافے، بیرونی جھٹکوں کے مقابلے میں معیشت کو مضبوط بنانے اور زیادہ جامع معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں