World

برطانیہ کا نیا فوجی خلائی سکواڈرن قائم کرنے کا اعلان

برطانیہ کا نیا فوجی خلائی سکواڈرن قائم کرنے کا اعلان
۱ منٹ پہلے

برطانیہ نے اپنے اہم سیٹلائٹس کے تحفظ کے لیے رائل ایئر فورس کا نیا فوجی خلائی اسکواڈرن قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی فوجی خلائی صلاحیتوں کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

 

برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق نئے اسکواڈرن کی ذمہ داری مواصلاتی نظام اور ممکنہ میزائل حملوں سے خبردار کرنے والے اہم سیٹلائٹس کا دفاع کرنا ہوگی۔

 

وزارتِ دفاع نے بتایا کہ ’نمبر 3 اسپیس ایفیکٹس اسکواڈرن‘ برطانیہ کا پہلا ایسا مخصوص یونٹ ہوگا جس کا مقصد خلا میں برطانوی مفادات کو نقصان پہنچانے والی دشمن سرگرمیوں کو متاثر کرنا، محدود کرنا اور ناکام بنانا ہوگا۔

 

برطانوی حکام کے مطابق 2023 میں خلا سے لاحق خطرات کی نگرانی اور ان سے بروقت آگاہی کے لیے دو اسکواڈرن قائم کیے گئے تھے، جبکہ نیا یونٹ ان خطرات کے خلاف عملی اقدامات کرے گا۔

 

وزارتِ دفاع کے مطابق نئے اسکواڈرن کی جانب سے الیکٹرانک وارفیئر سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ خلا میں موجود برطانوی اثاثوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

 

ایئر چیف مارشل ہاروے سمتھ بدھ کو لندن میں شروع ہونے والی دو روزہ یو کے اسپیس پاور کانفرنس کے دوران نئے اسکواڈرن کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

 

برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کریں گے کہ برطانیہ کو عالمی سطح پر جاری نئی خلائی دوڑ اور اس شعبے میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھنا ہوگا۔

 

یہ اعلان امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ اس بات کی تصدیق کے ایک ہفتے سے زائد عرصے بعد سامنے آیا ہے کہ اس نے زمین کے مدار میں ہتھیار تعینات کر رکھے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں