Breaking News

27 ستمبر کا لانگ مارچ "کھودا پہاڑ نکلا چوہا" کے مترادف ثابت ہوا، عطا اللہ تارڑ

27 ستمبر کا لانگ مارچ "کھودا پہاڑ نکلا چوہا" کے مترادف ثابت ہوا، عطا اللہ تارڑ
۴ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ "کھودا پہاڑ نکلا چوہا" کے مترادف ثابت ہوا، پارٹی نے مارچ کی کوئی تیاری نہیں کی تھی۔

 

اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے، ان کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں سیاسی طور پر انتہائی کمزور ہوچکی ہے۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کے بیان پر کہا گیا کہ "ہمارا مارچ، ہماری مرضی"، لیکن حقیقت میں نہ ہی یہ ان کا مارچ ہے اور نہ ہی ان کی مرضی۔

 

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں اور ان کی اپنی جماعت کے اندر بھی رٹ ختم ہوچکی ہے۔

 

"وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا"عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پوری امت مسلمہ کا مقدمہ پیش کیا اور مسئلہ فلسطین پر بات کی۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی مظالم کی کھل کر مذمت کی، جبکہ پاکستان کے فلسطین کے لیے جذبات صرف الفاظ تک محدود نہیں ہیں۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فلسطینی نمائندوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کو سراہا۔

 

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جبکہ اسلاموفوبیا کی بھی مذمت کی۔

 

"لانگ مارچ کا بہت شور تھا لیکن کچھ نہیں نکلا" — اختیار ولی خاناس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا بہت شور تھا، لیکن عملی طور پر کچھ نہیں نکلا۔

 

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو احتجاج کے چیمپیئن کے طور پر سامنے لایا گیا تھا۔

 

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ احتجاج مؤخر کرنے کے وقت یہ لوگ سوچ رہے تھے کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کے تمام بیانات میڈیا اسٹنٹس تھے۔

 

اختیار ولی خان نے سوال اٹھایا کہ اگر تحریک انصاف نے پیچھے ہٹنا ہی تھا تو احتجاج کی کال کیوں دی؟

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے رہنما اپنی جماعت اور کارکنوں سے جھوٹ بولتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں