Breaking News

افغانستان کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے، جس کے دیرپا حل کی ضرورت ہے،عطاء اللہ تارڑ

افغانستان کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے، جس کے دیرپا حل کی ضرورت ہے،عطاء اللہ تارڑ
۶ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہونے سے پورے خطے میں استحکام، تجارت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دیا جائے گا۔

 

اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال اور امن کی پیش رفت سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغانستان کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے جس کے لیے دیرپا اور پائیدار حل کی ضرورت ہے۔ پاکستان مذاکرات، امن اور پرامن بقائے باہمی کے اصول پر یقین رکھتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے متعدد اعلیٰ سطحی وفود بھیجے جبکہ استنبول اور دوحہ میں بھی مذاکرات ہوئے۔ ان کے مطابق افغان عبوری حکومت کو عسکریت پسندانہ سوچ سے نکل کر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان میں موجود مسائل کی بڑی وجہ عسکریت پسندانہ سوچ ہے، جبکہ ملک میں تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ افغانستان میں امن سے وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان تجارتی راستوں کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

 

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک افغانستان کے راستے گرم پانیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، تاہم افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں اور کالعدم گروہوں کی محفوظ پناہ گاہیں باعث تشویش ہیں۔

 

انہوں نے افغان عوام کے بنیادی حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، اجتماع، انجمن سازی اور معاشی مواقع تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔ ان کے مطابق افغان عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلوں میں کردار ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن ہی خوشحالی کی بنیاد ہے اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کو فروغ مل سکتا ہے، جبکہ کراچی اور گوادر تک تجارتی رسائی وسطی ایشیائی ریاستوں کی ایک دیرینہ خواہش ہے۔

 

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا جواب پہلے بھی دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں