Breaking News

پی ٹی آئی مذاکرات میں اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے، اعظم نذیر تارڑ

پی ٹی آئی مذاکرات میں اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے، اعظم نذیر تارڑ
۴ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کو سنجیدہ مذاکرات کی طرف آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار نہیں لیکن پی ٹی آئی مذاکرات میں اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے، بار ہا بتاچکے اس کا فورم عدالت ہے، حکومت نہیں۔ 

 

اپنے بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں اپنے قائد کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے، لیکن حکومت متعدد بار واضح کر چکی ہے کہ اس معاملے کا فورم عدالت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ قانونی اور آئینی طریقہ کار موجود ہونے کے باوجود اگر جلسوں، احتجاج یا شہروں کو بند کر کے کسی کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے تو یہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

 

وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کو نجی ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر کہا کہ عدالت نے طبی معائنے کا حکم دیا تھا جو مکمل ہو چکا ہے، اگر عملدرآمد میں کوئی کمی ہے تو اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔

 

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کے بعد حکومت کے پاس مذاکرات کا موقع موجود ہے۔ ان کے مطابق حکومت ایک قدم بڑھائے تو بات چیت شروع ہو سکتی ہے۔

 

علی ظفر نے کہا کہ 27 ستمبر سے پہلے اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کو مذاکرات نہیں کہا جا سکتا، اصل مذاکرات کمیٹیوں کے ذریعے بند کمرے میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ حتمی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں