World

قرض کی عدم ادائیگی، ایرانی مسافر طیارہ ترکی کے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

قرض کی عدم ادائیگی، ایرانی مسافر طیارہ ترکی کے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
۵ گھنٹے پہلے

ایرانی نجی فضائی کمپنی کیسپیئن ایئرلائن کا ایک مسافر بردار طیارہ ترکی کے استنبول ایئرپورٹ پر عدالتی حکم کے تحت روک لیا گیا ہے۔

 

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق طیارے کو قرض کی عدم ادائیگی کے معاملے پر تحویل میں لیا گیا۔ روکے گئے طیارے کا ماڈل بوئنگ 737-500 بتایا گیا ہے۔

 

کیسپیئن ایئرلائن کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی کے ایک بوئنگ طیارے کی آپریشنل سرگرمی ایک انتظامی معاملے کے باعث عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے۔

 

کمپنی کے مطابق معاملے کے حل کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جبکہ روکا گیا طیارہ منگل کو ایران واپس پہنچ جائے گا۔

 

رپورٹ کے مطابق طیارہ استنبول سے تہران روانگی کے لیے تیار تھا کہ عدالت کے حکم پر اسے روک لیا گیا، جس کے بعد تمام مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔

 

ہوا بازی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی تمسیل گیزٹم کا کہنا ہے کہ کیسپیئن ایئرلائن اس کی تقریباً 30 لاکھ یورو کی مقروض ہے۔ کمپنی نے واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے عدالت سے طیارہ ضبط کرنے کا حکم حاصل کیا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں