لڑائی کے بعد صلح کی پہل مریم نواز کرتی ہیں: کیپٹن (ر) صفدر
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنی 35 سالہ ازدواجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو اختلاف یا بحث کے بعد صلح کی پہل عموماً مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا رشتہ باہمی عزت، احترام اور سمجھ بوجھ پر قائم ہے۔
ایک ڈیجیٹل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر سے پوچھا گیا کہ گھر میں کسی بحث یا لڑائی کے بعد صلح کے لیے پہل کون کرتا ہے، جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ پہل عموماً دوسری جانب سے ہوتی ہے، جس سے ان کی مراد مریم نواز تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے درمیان اختلافات معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کا تعلق سیاسی معاملات سے نہیں ہوتا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ ان کی شادی کو 35 سال ہوچکے ہیں اور ان کے 3 بچے اور پوتے پوتیاں ہیں۔ انہوں نے پنجاب کابینہ کا حصہ نہ بننے کی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعلیٰ کمرے میں داخل ہوتی ہیں تو سب کو احتراماً کھڑا ہونا پڑتا ہے، اس لیے ان کے لیے کابینہ میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے اپنی گھریلو زندگی کا ایک دلچسپ پہلو بیان کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں میٹھی چیز آنے پر اہلخانہ اسے ان سے چھپا دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہوتا ہے کہ اگر صفدر نے مٹھائی کھالی تو ان کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔
عوامی بیانات کی وجہ سے گھر میں اختلافات سے متعلق سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ان کا اپنا مکتبہ فکر ہے اور وہ اپنی رائے کے اظہار کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف بات کرتے ہیں جنہیں وہ غلط کاموں میں ملوث سمجھتے ہیں۔