Pakistan

9 مئی جیسے حالات پر فیصلہ کن طاقت سے نمٹا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

9 مئی جیسے حالات پر فیصلہ کن طاقت سے نمٹا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس
۴ گھنٹے پہلے

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی، انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں، افغانستان سے جڑے سکیورٹی معاملات اور خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

شرکا نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ فورم کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ داری طالبان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔

 

کور کمانڈرز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں کو سراہا۔ فورم نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ضروری ہیں اور گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانا ہوگا۔

 

فورم نے دہشتگردی کی وجوہات اور معاملات کے حوالے سے عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ شرکا نے کہا کہ مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے پولیس کی استعداد کار میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔

 

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔

 

فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔

 

شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فورم نے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

 

کور کمانڈرز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فارمیشنز کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کا بھی کہا۔

 

فورم نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں