دہری شہریت: سرکاری افسران کو ایک ہفتے میں تفصیلات جمع کرانے کا حکم
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کو غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی کی تفصیلات دینا بھی لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ مقررہ مدت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں محکمانہ کارروائی ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے آفس میمورنڈم جاری کردیا ہے، جس میں سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔
آفس میمورنڈم کے مطابق سرکاری افسران کو اپنی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سول سرونٹس کو اپنے علاوہ زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق غلط ڈیکلریشن جمع کرانا سول سرونٹس کے لیے مس کنڈکٹ تصور ہوگا، جبکہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں مطلوبہ تفصیلات فراہم نہ کرنے یا غلط معلومات دینے کی صورت میں محکمانہ کارروائی ہوسکتی ہے۔
دریں اثنا چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس سربراہان کو بھی اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں اسی نوعیت کی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔