Pakistan

حکومت کی مثبت پیشرفت پر لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کی تجویز

حکومت کی مثبت پیشرفت پر لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کی تجویز
۱۱ گھنٹے پہلے

حکومت سے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق بریف کیا جبکہ سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ایمرجنسی لگانے کا مکمل پلان نظر آتا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت کی رائے تھی کہ مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔ حکومت مثبت پیش رفت کرتی ہے تو لانگ مارچ ختم کرنے کے بجائے تاریخ آگے بڑھائی جا سکتی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ارکان کی رائے تھی کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی صورت میں کوئی راہ نکل سکتی ہے، جبکہ بعض ارکان کی رائے تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما بھی جائیں۔

 

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں مذاکرات کے دوران میڈیا پر بیانات نہ دینے پر اتفاق ہوا، تاہم بعض ارکان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور شیری رحمان نے میڈیا پر بیانات دے کر اچھا نہیں کیا۔

 

پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس میں محسن نقوی کی مذاکرات میں دہشت گردی پر بریفنگ اور خیبرپختونخوا حکومت کے بارے میں ان کے بیانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ارکان نے اتفاق کیا کہ صوبائی حکومت اور وفاق میں روابط ہونے چاہئیں۔

 

ذرائع کے مطابق بعض ارکان نے رائے دی کہ اگر ایمرجنسی لگائی جاتی ہے تو قومی و صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دیے جائیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں