پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، اسلام آباد و پنجاب میں رینجرز تعیناتی میں توسیع
پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے سکیورٹی اقدامات کے تحت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کردی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی 15 اکتوبر 2026ء تک بڑھا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق تعیناتی میں توسیع چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر کی گئی ہے۔ رینجرز چیف کمشنر اور صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر 2026ء تک کی گئی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ روز حکومت سے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق بریف کیا جبکہ سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ایمرجنسی لگانے کا مکمل پلان نظر آتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت کی رائے تھی کہ مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔ حکومت مثبت پیش رفت کرتی ہے تو لانگ مارچ ختم کرنے کے بجائے تاریخ آگے بڑھائی جا سکتی ہے۔