سعودی عرب کا حوثیوں کے خلاف بڑے آپریشن کا منصوبہ
سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ایک لاکھ سے زائد یمنی اہلکاروں کو متحرک کیے جانے کا امکان ہے۔
رائٹرز کے مطابق منصوبے کے تحت یمنی فورسز زمینی کارروائی کریں گی جبکہ انہیں سعودی فضائی حملوں کی مدد حاصل ہوگی۔ آپریشن آئندہ چند ہفتوں میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب دو آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ ان میں آبنائے باب المندب کے اطراف محدود کارروائی یا یمن کے البیضا، مارب، تعز اور الجوف میں بیک وقت متعدد محاذوں پر وسیع آپریشن شامل ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکا سعودی کارروائی کے لیے انٹیلی جنس اور اہداف سے متعلق معلومات فراہم کر رہا ہے، تاہم امریکی افواج اور دیگر اتحادیوں کی براہ راست جنگی کارروائی میں شمولیت فی الحال متوقع نہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور ترکی سعودی عرب کو دفاعی اور عسکری سازوسامان فراہم کر رہے ہیں، تاہم یمن میں براہ راست جنگی کردار ادا کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔