حکومت اپوزیشن مذاکرات بے نتیجہ ختم
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، جبکہ فریقین کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔
مذاکرات رات تقریباً ڈھائی بجے تک جاری رہے، تاہم مسودے پر اتفاق نہ ہوسکا۔
مذاکرات کے اگلے دور کا وقت بھی طے نہیں کیا جا سکا۔
دونوں فریقین نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمے دار ایک دوسرے کو قرار دیا۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گی۔
ان کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون پر رضامند نہیں ہوئی۔
اپوزیشن رہنما علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ڈیڈلاک برقرار ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سمیت کئی معاملات حل نہیں ہوسکے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ مسودے میں چار مرتبہ تبدیلی کی گئی۔
ان کے مطابق حکومت نے ملک کو انتشار سے بچانے کی کوشش کی، تاہم انسداد دہشت گردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ لانگ مارچ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا۔