پاکستان کے سرکاری قرضوں میں 10 سال کے دوران 340 فیصد تاریخی اضافہ
پاکستان کے سرکاری قرضوں میں گزشتہ 10 سال کے دوران 340 فیصد کا تاریخی اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد جون 2026 تک مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق ایک دہائی کے دوران سرکاری قرضوں میں 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جون 2016 میں سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 19 ہزار 700 ارب روپے تھا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک مقامی سرکاری قرضہ 59 ہزار 400 ارب روپے جبکہ غیر ملکی سرکاری قرضہ 27 ہزار 300 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے مقابلے میں جون 2016 میں مقامی قرضہ 13 ہزار 600 ارب اور غیر ملکی قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2017 میں مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ جون 2018 میں یہ بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا۔
اسی طرح جون 2019 میں سرکاری قرضوں کا حجم 32 ہزار 700 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جو جون 2020 تک بڑھ کر 36 ہزار 400 ارب روپے ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2021 تک مجموعی سرکاری قرضہ مزید بڑھ کر 39 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا، جس سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران قرضوں میں نمایاں اضافے کا اندازہ ہوتا ہے۔