پائلٹ نے تل ابیب میں 9/11 طرز کے حملے کا منصوبہ بنایا تھا، حمام کو سزائے موت دینے کا فیصلہ
اماراتی پرواز کے 29 سالہ عمانی معاون پائلٹ حَمّام الحمّانی نے مبینہ طور پر کپتان کو قتل کرکے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے اور اسے تل ابیب کی کسی بلند عمارت سے ٹکرا کر 9/11 طرز کا حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق الحمّانی نے گزشتہ ہفتے دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے کاک پٹ میں بھارتی کپتان سمت پر حملہ کیا تھا اور وہ مبینہ طور پر اکیلا ہی اس منصوبے پر عمل کر رہا تھا۔
اطالوی اخبار کے مطابق الحمّانی نے 30 ستمبر کو خفیہ طور پر کپتان کو قتل کرنے، طیارے کے انجن بند کرنے اور جہاز کو تل ابیب کی کسی عمارت سے ٹکرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زیر حراست معاون پائلٹ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ کپتان کو راستے سے ہٹانے کے بعد وہ پرواز معمول کے مطابق جاری رکھنے، لینڈنگ کی اجازت لینے اور پھر بن گوریون ایئرپورٹ کے قریب طیارے کو کسی عمارت یا دوسرے جہاز سے ٹکرانے کا ارادہ رکھتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق الحمّانی نے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے تک انتظار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ فوری طور پر خطرے کی نشاندہی نہ ہو اور اسے کارروائی کے لیے مناسب وقت مل سکے۔
اسرائیلی میڈیا نے مزید بتایا کہ معاون پائلٹ نے جولائی میں بھی حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم عملے کے ایک رکن سے دوستی کے باعث آخری وقت میں اپنا ارادہ ترک کردیا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق الحمّانی نے حالیہ مہینوں میں اماراتی ایئرلائن کے لیے کام کرتے ہوئے بن گوریون ایئرپورٹ کے متعدد دورے کیے تھے۔ جون میں ایک دورے کے دوران مبینہ طور پر اس نے حملے کی منصوبہ بندی اور معلومات جمع کرنے پر توجہ مرکوز کی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے معاملے میں شریک پائلٹ حمام الحمّامی کو سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق عمانی شہری شریک پائلٹ پر فلائی دبئی کے طیارے کو مبینہ طور پر گرانے کی کوشش کا الزام ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ حمام الحمّامی کو طیارے میں سوار تمام افراد کو ہلاک کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں سخت ترین سزا کا سامنا ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار بھی واقعے کی تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔