Pakistan

اسلام آباد: نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر سے نوادرات چوری، 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر سے نوادرات چوری، 6 ملزمان گرفتار
۹ گھنٹے پہلے

تھانہ مارگلہ پولیس نے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب بہاولپور فیملی کے گھر سے قیمتی نوادرات اور دیگر سامان چوری کرنے کی واردات کا سراغ لگا کر 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کا 70 سے 80 فیصد حصہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق گھر سے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے تاریخی نوادرات چوری کیے گئے تھے۔ چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف مجسمے شامل ہیں۔

 

پولیس کے مطابق واردات میں ریاست بہاولپور کے نشان والی سونے کی اشیا، ریاستی نشان والا تاریخی چاندی کا فریم، پرانی بندوقیں اور تلواریں بھی چوری کی گئی تھیں۔

 

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بتایا کہ باقی مال مسروقہ کی برآمدگی اور واردات میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے قیمتی اثاثوں کو نشانہ بنانے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں