Pakistan

شیخوپورہ، غربت سے تنگ ماں نے بچوں پر فائرنگ کرکےخودکشی کر لی

شیخوپورہ، غربت سے تنگ ماں نے بچوں پر فائرنگ کرکےخودکشی کر لی
۱ دن پہلے

شیخوپورہ کے گھنگ روڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر  غربت سے تنگ آکراپنے دو بچوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔ واقعے میں خاتون اور اس کا 8 سالہ بیٹا جاں بحق جبکہ 7 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی اے ڈویژن کی حدود میں پیش آیا۔ فائرنگ سے خاتون اور اس کا 8 سالہ بیٹا احسن عمران موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 سالہ بیٹی طیبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت 48 سالہ شازیہ عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ خاتون گھریلو مسائل اور شدید مالی مشکلات کا شکار تھی، جبکہ بعض مقامی افراد نے یہ بھی بتایا کہ وہ ڈپریشن میں مبتلا تھی۔

 

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ خاتون اور اس کے بیٹے کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی بچی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

 

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے تاکہ فائرنگ کے اصل محرکات اور دیگر حالات کا تعین کیا جاسکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں