Pakistan

اسلام آباد پولیس کی یونیفارم میں ذاتی تشہیر کیلئے ویڈیوز بنانے،تصاویر کھنچوانے پر مکمل پابندی

اسلام آباد پولیس کی یونیفارم میں ذاتی تشہیر کیلئے ویڈیوز بنانے،تصاویر کھنچوانے پر مکمل پابندی
۱۳ گھنٹے پہلے

اسلام آباد پولیس نے افسران اور اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق نئی پالیسی نافذ کردی ہے، جس کے تحت پولیس یونیفارم میں ذاتی تشہیر کے لیے ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

 

نئی پالیسی کے مطابق سرکاری گاڑیوں، پولیس دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز ریکارڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح پیشگی اجازت کے بغیر میڈیا کو بیان دینے، عوامی فورمز پر اظہار خیال کرنے یا مضامین لکھنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

 

پالیسی میں پولیس اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی خیالات کے اظہار سے بھی روک دیا گیا ہے۔ محکمانہ یا خفیہ نوعیت کی دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

 

محکمے کی مثبت سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کی پبلک ریلیشنز برانچ سے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگی۔

 

نئی پالیسی کے تحت یونٹ سربراہان اپنے ماتحت افسران اور اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

 

اسلام آباد پولیس کے مطابق نئی سوشل میڈیا پالیسی آئی جی اسلام آباد کی منظوری سے فوری طور پر نافذ کردی گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں