دم درود اور جن نکالنے کے نام پر لڑکی پر تشدد کرنے والے ملزم کو 3 سال قیدِ بامشقت
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دم درود اور مبینہ جن نکالنے کے نام پر لڑکی کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم نذیر خان کو 3 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنا دی۔
سول جج مبشر حسن چشتی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 96 لاکھ 76 ہزار 195 روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے فوراً بعد عدالت میں موجود نذیر خان کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقدمے کے مطابق مدعی سعید اللہ جان اپنی بیمار بھتیجی زبیدہ بی بی کو روحانی علاج کی غرض سے ملزم نذیر خان کے پاس لے کر گیا تھا۔
ملزم نے مبینہ طور پر جن نکالنے کے بہانے بیمار لڑکی کے چہرے اور کان پر بار بار انتہائی زور سے تھپڑ مارے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی۔
تشدد کے باعث زبیدہ بی بی کے بائیں کان کا پردہ پھٹ گیا اور وہ سماعت سے محروم ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نذیر خان کے خلاف واقعے کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا تھا، جس پر عدالت نے کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے 3 سال قیدِ با مشقت اور دیت کی رقم ادا کرنے کی سزا سنائی۔