World

کیمیا کا 2026 کا نوبیل انعام مشترکہ طور پر فرانس اور جاپان کے سائنسدانوں کو دینے کا اعلان

کیمیا کا 2026 کا نوبیل انعام مشترکہ طور پر فرانس اور جاپان کے سائنسدانوں کو دینے کا اعلان
۵ گھنٹے پہلے

رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے کیمیا کے شعبے میں 2026 کے نوبیل انعام کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت فرانس اور جاپان سے تعلق رکھنے والے 2 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر اس اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

 

نوبیل کمیٹی کے مطابق دونوں سائنسدانوں نے نامیاتی کیمیا کے ایک خاص عمل میں غیر معمولی اثرات اور خود بخود ہونے والے کیمیائی ردعمل کے حوالے سے اہم دریافت کی، جس سے کسی مالیکیول کی معکوس شکل حاصل کرنے کے عمل کو سمجھنے میں مدد ملی۔

 

فرانس کی پیرس-سود یونیورسٹی سے وابستہ ہنری بی کاگان اور جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی آف سائنس سے تعلق رکھنے والے کینسو سوائی لو کو ان کی اس تحقیق پر 2026 کا نوبیل انعام برائے کیمیا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 

دونوں سائنسدانوں کی تحقیق کو ادویات کی تیاری اور ان کی ترقی کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ اس تحقیق کے مستقبل میں طبی اور دواسازی کے شعبے میں استعمال کے امکانات بھی موجود ہیں۔

 

نوبیل کمیٹی کے مطابق دونوں سائنسدانوں کے درمیان مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ سویڈش کرونا کی انعامی رقم برابر تقسیم کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں