Breaking News

گورنر راج میں کوئی رکاوٹ نہیں، کوشش ہےاس آخری آپشن کی نوبت نہ آئے،خواجہ آصف

گورنر راج میں کوئی رکاوٹ نہیں، کوشش ہےاس آخری آپشن کی نوبت نہ آئے،خواجہ آصف
۵ گھنٹے پہلے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں، تاہم حکومت کوشش کررہی ہے کہ اس آخری آپشن کو استعمال کرنے کی نوبت نہ آئے۔

 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو پی ٹی آئی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کو اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دارالحکومت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کیا گیا تو پی ٹی آئی خود کو سیاسی شہید قرار دیتی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔ ان کے مطابق صرف ایک شخص کی خوشی کی خاطر ملک کے سیاسی اور انتظامی نظام کو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

 

خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی قیادت میں خدانخواستہ علیحدگی یا اختلافات پیدا ہونے کے امکان کو بھی خارج نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرچکے ہیں۔

 

وزیر دفاع کے مطابق پی ٹی آئی کے اپنے بعض ارکان بھی موجودہ صورتحال کا کوئی حل چاہتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کے اندر اس معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں