Pakistan

ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو جال میں پھنسانے والی 17 خواتین گرفتار

ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو جال میں پھنسانے والی 17 خواتین گرفتار
۷ گھنٹے پہلے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے سائبر فراڈ اور ہنی ٹریپ کے خلاف 2 الگ کارروائیوں میں 26 افراد کو گرفتار کرلیا۔

 

ایجنسی کے ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر جال میں پھنسانے والی 17 خواتین کو حراست میں لیا گیا، جبکہ دوسری کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے کال سینٹر سے 9 مرد گرفتار کیے گئے۔

 

پہلی کارروائی ایسے کال سینٹر کے خلاف کی گئی جہاں خواتین مختلف آن لائن ذرائع سے مردوں سے رابطہ کرکے مبینہ طور پر آن لائن تحائف اور دیگر مالی فوائد حاصل کرتی تھیں۔ کارروائی میں 17 خواتین گرفتار ہوئیں اور ان کے قبضے سے 35 موبائل فون اور 2 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے، جبکہ مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

 

دوسری کارروائی لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں قائم ایک کال سینٹر میں کی گئی، جہاں مبینہ طور پر برطانیہ کے شہریوں کو موبائل فون تبدیل کرنے اور مختلف مواصلاتی پیکیجز کی پیشکش کے نام پر نشانہ بنایا جاتا تھا۔

 

حکام کے مطابق کال سینٹر کے کارکن غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں موبائل فون اور مختلف پیکیجز فراہم کرنے کا یقین دلاتے، تاہم رقم وصول کرنے کے بعد موبائل فون فراہم نہیں کیے جاتے تھے۔

 

کارروائی کے دوران 9 مردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 10 موبائل فون اور 5 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔ اس معاملے میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 

لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں گرفتار افراد سے تفتیش اور برآمد ہونے والے موبائل فونز و لیپ ٹاپس کی جانچ جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں