اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدی، ایچ آئی وی کے تقریباً 100 کیسز
راولپنڈی: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ساجد بیگ نے جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت تقریباً 8 ہزار قیدی اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
ساجد بیگ کے مطابق قیدیوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث گنجائش سے زائد قیدیوں کا مسئلہ اڈیالہ جیل کو درپیش ہے۔ حکومت جیلوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر غور کر رہی ہے، جبکہ اسلام آباد میں نئی جیل کی تعمیر سے اڈیالہ جیل پر قیدیوں کا بوجھ تقریباً نصف کم ہونے کی توقع ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ قیدیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا اور جوڈیشل افسران باقاعدگی سے جیل کا دورہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جیل میں 6 مرد اور ایک خاتون ڈاکٹر تعینات ہیں، جبکہ ای سی جی، الٹراساؤنڈ، ڈینٹل اور دیگر طبی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
ساجد بیگ کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات شاید بعض قیدیوں کو جیل سے باہر بھی میسر نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں ایچ آئی وی کے تقریباً 100 کیسز موجود ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ بیشتر قیدی یہ بیماری جیل میں آنے سے پہلے ہی اپنے ساتھ لائے تھے۔