Business

عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے،راولپنڈی،اسلام آباداورپشاور کے رہائشی مہنگا ترین آٹا خریدنے پرمجبور

عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے،راولپنڈی،اسلام آباداورپشاور کے رہائشی مہنگا ترین آٹا خریدنے پرمجبور
۵ گھنٹے پہلے

ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.57 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.97 فیصد تک پہنچ گئی۔

 

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 6 کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹا 5.69 فیصد، مرغی 4.93 فیصد، دال چنا 3.99 فیصد اور ٹماٹر 2.40 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ پیٹرول، دال مسور، چائے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

 

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3400 روپے تک پہنچ گیا۔ راولپنڈی میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 347 روپے بڑھ کر 3333 روپے جبکہ سیالکوٹ میں 333 روپے اضافے کے بعد 3133 روپے ہوگئی۔

 

سکھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہوکر 3060 روپے، حیدرآباد میں 200 روپے اضافے کے بعد 3200 روپے، کوئٹہ میں 70 روپے اضافے کے بعد 3030 روپے جبکہ ملتان میں 66 روپے مہنگا ہوکر 2866 روپے کا ہوگیا۔

 

لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2200 روپے پر برقرار رہی۔

 

دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران کیلا 2.81 فیصد، ڈیزل 1.37 فیصد، آلو 0.89 فیصد اور چینی 0.37 فیصد سستی ہوئی۔

 

سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی میں اضافہادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 100.24 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی 68.55 فیصد مہنگی ہوئی۔

 

اسی عرصے میں بجلی کے چارجز 58.59 فیصد، پیٹرول 47.52 فیصد اور ڈیزل 42.52 فیصد مہنگا ہوا۔ گندم کا آٹا 32.60 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد اور مٹن 15.02 فیصد مہنگا ہوا۔

 

ایک سال میں بیف کی قیمت میں 12.60 فیصد، چکن میں 9.44 فیصد، سادہ ڈبل روٹی میں 8.99 فیصد اور دہی میں 8.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر آلو 39.51 فیصد اور ٹماٹر 37.07 فیصد سستے ہوئے جبکہ چینی کی قیمت میں 22.44 فیصد، انڈوں میں 18.88 فیصد اور نمک پاؤڈر میں 14.81 فیصد کمی ہوئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں