خیبرپختونخوا کے عوام مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
عوام کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔
وہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے ذریعے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے امن پسند عوام دہشت گردی اور پُرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے گریز کریں۔
گورنر نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔