Sports

اسٹیو اسمتھ نے جو روٹ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اسٹیو اسمتھ نے جو روٹ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
۴ گھنٹے پہلے

آسٹریلیا کے تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں فیلڈنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے انگلینڈ کے جو روٹ کو پیچھے چھوڑ دیا اور بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز لینے والے کھلاڑی بن گئے۔ 

اسٹیو اسمتھ نے یہ تاریخی اعزاز جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن کے کنگزمیڈ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران حاصل کیا۔ 

آسٹریلوی کرکٹر نے میچ میں اپنا 221 واں کیچ مکمل کر کے انگلینڈ کے جو روٹ کا 220 کیچز کا عالمی ریکارڈ توڑا۔ 

اسمتھ نے شاندار فیلڈنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنوبی افریقا کی اننگز میں مجموعی طور پر چار کیچز پکڑے، جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے کیچز کی مجموعی تعداد 223 تک پہنچ گئی۔ 

یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز انجام دیا گیا، جہاں اسمتھ نے کئی مشکل کیچز پکڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

اس کامیابی کے ساتھ اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں وکٹ کیپر کے علاوہ سب سے زیادہ کیچز لینے والے فیلڈر بن گئے ہیں۔ 

اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ کے پاس تھا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 220 کیچز پکڑے تھے۔ 

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے فیلڈرز کی فہرست میں بھارت کے سابق کپتان راہل ڈریوڈ تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 210 کیچز مکمل کیے تھے۔ 

اسٹیو اسمتھ کی یہ کامیابی ان کے شاندار کرکٹ کیریئر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، جس کے ذریعے انہوں نے بلے بازی کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں